ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت جشن میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں مساجد، بازاروں، گلیوں، شاہراہوں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور خوبصورت آرائش سے سجایا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر میلاد کی محافل، نعت خوانی اور درود و سلام کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور میں جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ محفوظ شہید گریژن میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے نماز فجر کے بعد 21 توپوں کی سلامی پیش کی جبکہ اس موقع پر نعرہ تکبیر بھی بلند کیا گیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں جشن میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے مساجد اور اہم مقامات کو برقی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ کئی علاقوں میں خوبصورت محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کی جانب سے نیاز اور لنگر تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کراچی میں مرکزی جلوس
کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مختلف مرکزی جلوس برآمد ہوں گے۔ ٹریفک پولیس نے جلوسوں کے موقع پر خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا جبکہ صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
شہید مسجد کھارادر سے پہلا مرکزی جلوس دوپہر ڈھائی بجے کے قریب برآمد ہوگا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔
دوسرا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا اور شام 6 بجے نشتر پارک پہنچے گا جہاں میلاد النبی ﷺ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔
نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے ایک اور جلوس بھی دوپہر ڈھائی بجے برآمد ہوگا جو عصر کے وقت آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔ ترجمان کے مطابق 12 ربیع الاول کے موقع پر شہر میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔
ملک بھر میں محافل کا انعقاد
کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، حیدرآباد اور سکھر سمیت ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں جشن میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے مذہبی اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔
مساجد میں خصوصی محافل کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں علماء کرام سیرت طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال رہے ہیں جبکہ نعت خواں حضرات نعت رسول مقبول ﷺ پیش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد اپنے گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کو بھی روشنیوں اور سبز پرچموں سے سجا رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں لنگر اور نیاز تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ جلوسوں اور مذہبی اجتماعات میں شریک افراد کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔