زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر بلندی پر موجود بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں ایک دلچسپ اور منفرد منظر دیکھنے میں آیا، جب ناسا کی خلا باز جیسیکا مئیر نے مائیکرو گریویٹی میں فٹبال کے حیران کن کرتب کا مظاہرہ کیا۔
ناسا کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسیکا مئیر نے خلا میں اوور ہیڈ بائیسکل کک لگا کر فٹبال کو فضا میں اچھالا، جس نے سوشل میڈیا صارفین اور کھیلوں کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی۔
یہ مظاہرہ ’’لرن ود ناسا‘‘سیشن کے دوران کیا گیا، جہاں خلا باز نے نہ صرف فٹبال کے ساتھ عملی تجربہ پیش کیا بلکہ اس کی ساخت اور ہوا میں حرکت کے پیچھے موجود سائنسی اصولوں پر بھی روشنی ڈالی۔
جیسیکا مئیر نے بتایا کہ فٹبال کی گول ساخت اسے ہوا میں زیادہ متوازن انداز میں سفر کرنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ مائیکرو گریویٹی میں گیند کی حرکت زمین کے مقابلے میں مختلف انداز اختیار کرتی ہے۔
48 سالہ خلا باز، جو میرین بایولوجسٹ بھی ہیں، نے خلا میں بائیسکل کک لگا کر یہ ثابت کیا کہ کھیل اور سائنس کو دلچسپ انداز میں یکجا کیا جا سکتا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے اس منفرد مظاہرے کو خوب سراہا۔ کئی افراد کا کہنا تھا کہ پہلی بار انہیں خلا میں فٹبال کی حرکت اور اسپن کے سائنسی پہلوؤں کو سمجھنے کا موقع ملا۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کے تجربات عوام، خصوصاً نوجوانوں میں سائنس اور خلائی تحقیق کے حوالے سے دلچسپی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ دلچسپ مظاہرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کا آغاز 11 جون 2026 کو ہوگا اور میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے۔